لکھنؤ30 مئی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) یوپی کے پولیس ڈائریکٹر جنرل اے پی سنگھ نے اے ٹی ایس کے اسسٹنٹ پولیس سپرنٹنڈنٹ راجیش ساہنی کی پر اسرار’ موت‘ کی تفتیش آج ایڈیشنل پولیس ڈائریکٹر جنرل، لکھنؤ زون کو سونپی ہے ۔ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ پولیس ڈائریکٹر جنرل نے اے ٹی ایس کے اسسٹنٹ پولیس سپرنٹنڈنٹ راجیش ساہنی کی موت کے حالات کی تحقیقات کا حکم اے ڈی جی لکھنؤ زون راجیو کرشن کو دیئے ہیں۔ ساہنی کا ’انتم سنسکار ‘ بھینسا کنڈ شمشان گھاٹ پر کردیاگیا۔ آخری رسومات کی ادائیگی ان کی بیٹی نے کی۔ اس موقع پر چیف سکریٹری داخلہ اروند کمار اور ڈی جی پی او پی سنگھ سمیت تمام اعلی پولیس افسران موجود تھے۔ ساہنی کو پولیس لائنز، لکھنؤ میں گارڈ آف آنر دیا گیا اورماتمی پریڈ بھی کیا گیا۔ اس دوران پولیس ڈائریکٹر جنرل، ایڈیشنل پولیس ڈائریکٹر جنرل، لکھنؤ زون، آئی جی لکھنؤ اور دیگر سینئر پولیس افسر موجود رہے۔ پولیس ڈائریکٹر جنرل نے ساہنی کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے تعزیت کا اظہار اور انہیں محکمہ پولیس کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ساہنی کی موت کے بعد معاملے کی جانچ کی مانگ سیاسی جماعتوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر بھی زور شور سے اٹھ رہی تھی جس کے بعد ڈی جی پی نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا۔ غور طلب ہے کہ پی پی ایس افسر راجیش ساہنی نے کل سروس ریوالور سے خود کی کنپٹی پر گولی مار لی تھی۔ انہوں نے کل اپنے دفتر میں دوپہر تقریبا پونے ایک بجے خودکشی کی۔ساہنی 1992 بیچ کے صوبائی پولیس سروس کے افسر تھے۔ واضح ہو کہ یہ وہی ’فر ض شناس‘ افسر ہیں جنہوں نے لکھنؤ میں سیف اللہ انکاؤنٹر کو انجام دیا تھا اور سیف اللہ کی رہائش گاہ سے کثیر مقدار میں ’اسلحہ جات‘ بھی بر آمد کرکے سیکوریٹی محکمہ سے داد و دہش وصول کی تھی۔ متعلقہ محکمہ اس وجہ کی جستجو میں ہے آخرش ساہنی نے کیونکر خودکشی کا قدم اٹھایا ۔